گروس آئلیٹ،14؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں 237رنز سے شکست کا ٹھیکرا بلے بازوں پر پھوڑتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے کپتان جاسن ہولڈر نے کہا کہ ٹاپ آرڈرکو زیادہ ذمہ داری کے ساتھ کھیلنا چاہیے تھا۔ہولڈر نے میچ کے بعد کہا کہ ہم مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پا رہے ہیں،ہمیں ویسا آغاز نہیں مل پا رہاہے جیسا ہم چاہتے ہیں،ایسے میں بلے بازوں کو زیادہ ذمہ داری کے ساتھ کھیلنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ کپتان کے لیے ہمیشہ مشکل ہوتا ہے،ہم مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پا رہے ہیں۔ہندوستان کے پاس مسلسل اچھی کھیلنے والے کرکٹر ہیں جو مسلسل کئی سال سے اچھا کھیل رہے ہیں،ہمارے پاس بہت سے نوجوان کھلاڑی ہیں،ہم ٹیم بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جس میں وقت لگے گا۔انہوں نے کہاکہ ٹاپ آرڈر بلے باز اچھی شروعات کو بڑی اننگ میں نہیں بدل سکے ہیں،میں ہر کسی کے بارے میں نہیں کہہ سکتا لیکن ہمیں اس صورت حال سے ابھرنا ہوگا،یہ ذمہ داری بلے بازوں کی ہے۔انہوں نے ہندوستان کیلئے 213رنز کی شراکت کرنے والے آر اشون اور ردھمان ساہا کی بھی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ پہلی اننگز میں ہم اچھی حالت میں تھے لیکن اشون اور ساہا نے ٹک کر بلے بازی کی،قسمت ان کے ساتھ تھی اور کچھ فیصلوں کا فائدہ بھی انہیں ملا۔